سری نگر،24؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ علاقے کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان بدھ کی صبح چھڑنے والے تصادم میں 2 ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ اننت ناگ کے سری گفوارہ علاقے کے شال گل جنگلات میں جاری تصادم میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے، جن کی شناخت ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کافی گھنا جنگل ہے تاہم سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹوں کو محاصرے میں لینے میں کامیابی حاصل کی۔ دریں اثنا کشمیر زون پولیس نے اپنے آفئشل ٹوئٹر ہینڈل پر اس تصادم کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’اننت ناگ انکاؤنٹر اپ ڈیٹ: 2 عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک، آپریشن جاری‘۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 3 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی صبح ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ علاقے کے شال گل جنگلات کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ دریں اثنا حکام نے بنا بر احتیاط پورے ضلعے میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی ہیں۔